آج ہند ۔انگلینڈ تیسراونڈے

   


لندن۔ خواتین کرکٹ میں فاسٹ بولرجھولن گوسوامی کے آخری مقابلے میں ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف تین ونڈے میچوں کی سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کرنے کی خواہاں ہوگی جب ہندوستانی کھلاڑی اپنے کیریئر کا آخری میچ کھیلے گی۔ ہفتہ کو لارڈز پر ہونے والے مقابلے میں اس لیجنڈ کھلاڑی کو یادگار وداع کرنے کی کوشش کریں گے۔ لارڈز میں کرکٹ کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے اور اس گراؤنڈ پر سنچری اسکور کرنا یا پانچ وکٹیں لینا ایک بڑی کامیابی سمجھی جاتی ہے لیکن اس تاریخی گراؤنڈ پر بہت کم کھلاڑیوں کو اپنے کرکٹ کیریئر کو وداع کہنے کا موقع ملتا ہے۔ سنیل گواسکر (حالانکہ انہوں نے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ یہاں کھیلا) کو یہ موقع نہیں ملا۔ سچن ٹنڈولکر ہوں یا برائن لارا یا گلین میک گرا، کسی کو بھی لارڈز میں اپنا آخری میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ یہاں تک کہ متھالی راج جو تقریباً 20 سال تک جھولن کی ساتھی تھیں، انکو کرکٹ کے میدان پر اپنے کیریئر کو الوداع کہنے کا موقع نہیں ملا لیکن خوش قسمتی دیکھیں کہ گوسوامی اپنا آخری میچ لارڈز میں کھیلنے جا رہی ہیں۔ ہندوستان نے پہلے ہی تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے لیکن ہرمن پریت کور اور ان کے ساتھی کلین سویپ کے ساتھ جھولن کو یادگار الوداع دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے دو میچوں میں کھیل کے ہر شعبے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اس رفتار کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔ ہندوستان کے لیے سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ کپتان ہرمن پریت اپنی پرانی تال میں واپس آگئی ہیں۔ انہوں نے پہلے دو میچوں میں ناقابل شکست 74 اور ناقابل شکست 143 رنز بنائے۔ ہندوستان کے لیے تاہم شیفالی کی فارم تشویشناک ہے جو گزشتہ کچھ عرصے سے رنز بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔ ہرلین دیول نے مڈل آرڈر میں اپنی جگہ مضبوط کر لی ہے لیکن فاسٹ بولروں میں میگھنا سنگھ، رینوکا ٹھاکر اور پوجا وستراکر کو جھولن کیسبکدوش ہونے کے بعد اپنے کھیل کو بہتر کرنا ہوگا۔