آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کو نواز شریف کی تائید

   

لندن ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے حکومت کے ترمیمی بل کی حمایت کی ہے اور اپنی جماعت کو ہدایت کی ہے کہ بل پارلیمان میں پیش کیا جائے تو اس وقت اس کی حمایت کی جائے اور اس قانون کی توثیق کردیں۔قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن )کے پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں میاں نواز شریف کے اس فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کی مخالفت نہ کی جائے، قانون آئے تو اس کی توثیق کریں۔اس لیے اس معاملے پر غور کے لیے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔خواجہ آصف نے کہا:’’ وقت ثابت کرے گا کہ نواز شریف نے درست فیصلہ کیا ہے۔ ان سے لندن میں ملاقات میں اس موضوع پر تفصیلی بات چیت کی گئی تھی۔‘‘ انھوں نے کہا کہ دو روز پہلے مجوزہ بل پر ہم سے جب رابطہ کیا گیا تو اس پر پارٹی قیادت کو اعتماد میں لیا گیا تھا اور اس نے اس بل کی توثیق کی ہدایت کی ہے۔