آروگیہ شری کے تھلیسمیا کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی رقومات میں تخفیف

   

مریضوں کے والدین میں تشویش کی لہر، آروگیہ شری ٹرسٹ سے نئے پیاکیج کا اعلان

حیدرآباد۔10فروری(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آروگیہ شری کے تحت تھلیسمیا کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی رقومات میں تخفیف کے سبب تھلیسمیا سے متاثرہ مریضوں کے والدین میں بے چینی کی کیفیت پیدا ہوچکی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ان کو دی جانے والی ادویات کے لئے رقومات میں 70 فیصد سے زیادہ کی تخفیف ان کے لئے معاشی پریشانیوں کا سبب بننے کا خدشہ ہے۔ حکومت تلنگانہ کے آروگیہ شری ہیلت کئیر ٹرسٹ کی جانب سے 6فروری 2019 کو جاری کردہ اعلامیہ میں نئے پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے جس سے بے چینی پیدا ہوچکی ہے۔ تھلیسمیا متاثرین کی 6اقسام ہیں جن کیلئے سابق میں 12تا16ہزار روپئے ماہانہ جاری کئے جاتے تھے جس میں ٹیکس اور دیگر منہائی کے بعد مریض کو 10ہزار تا 12ہزار کے ادویات حاصل ہوا کرتے تھے لیکن اب اسے 4260تا5405 کے درمیان کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا جا رہاہے کہ اب جو ادویات ملیں گی وہ 4000تا4700 روپئے تک کی ہی مل پائیں گی جس کے سبب مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تھلیسمیا کے متاثرین کے لئے خدمات انجام دینے والے جناب مرزا عبدالعلیم بیگ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اس سرکیولر کی اجرائی کے بعد تھلیسمیا متاثرین کے سرپرستوں اور والدین میں بے چینی کی کیفیت پیدا ہوچکی ہے اور ان پر ماہانہ 5000سے زائد کا بوجھ عائد ہونے کا خدشہ ہے۔ انہو ںنے مزید بتایا کہ تھلیسمیا کے متاثرین کو خون اور ادویات کے ذریعہ زندگی فراہم کی جاتی ہے اور کافی برسوں تک جدوجہد کے بعد حکومت نے 4سال قبل اس مرض کو آروگیہ شری میں شامل کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے متاثرین کو مالی امداد برائے ادویات جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب جبکہ روزافزوں گرانی میں اضافہ ہورہا ہے اور ادویات کی قیمتو ںمیں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اس کے باوجود ریاستی حکومت کی جانب سے تھلیسمیا متاثرین کو آروگیہ شری کے تحت فراہم کی جانے والی امداد میں تخفیف انتہائی سفاکانہ عمل تصور کیا جا رہاہے ۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ سے مریضوں کے سرپرستوں اور والدین میں سخت پریشانی پائی جانے لگی ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے اس بیماری کو جو تاحیات برقرار رہنے والی ہے کے علاج کیلئے آروگیہ شری اسکیم میں شامل کرنے کے فیصلہ کے بعد متاثرین کے سرپرستوں نے کچھ راحت کی سانس لی تھی اور انہیں حاصل ہونے والی سرکاری امداد ان کے لئے کافی مددگار ثابت ہورہی تھی لیکن آروگیہ ہیلت کئیر ٹرسٹ کی جانب سے کی جانے والی تخفیف کے بعد کئی متاثرین کے خاندانوں کی گذر بسر مشکل ہوجائے گی اور انہیں ادویات کے اخراجات کے لئے کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔