آرچری ورلڈ کپ : اسٹار جوڑی اتانو اور دپیکا کو گولڈ

   

پیرس : ہندوستانی تیراندازوں کے لئے ورلڈ کپ کے یہاں مرحلہ تین میں اتوار کو یادگار دن ثابت ہوا جس میں اسٹار جوڑی اتانو داس اور دپیکا کماری نے مکسڈ ٹیم کے اعلیٰ اعزازات حاصل کرلئے جبکہ ویمنس ریکروو کی تگڑی نے بھی فتح حاصل کی جو ٹوکیو اولمپکس کے لئے بہترین تیاری کہی جاسکتی ہے۔ دپیکا اور اتانو نے نیدر لینڈ کی حریف جوڑی وان دین برگ اور گیبریلا شلوسر کے مقابل 0-2 سے پچھڑنے کے بعد واپسی کرتے ہوئے 5-3 سے جیت درج کرائی اور اس کامپٹیشن میں ہندوستان کے لئے تیسرا گولڈ میڈل حاصل کیا۔ یہ جیت ویمنس ریکروو ٹیم دپیکا، انکیتا بھکت اور کومالیکاباری کی میکسیکو کے مقابل کامیابی اور گولڈ میڈل کے حصول کے بعد درج ہوئی۔ اس طرح اولمپک کوالیفکیشن سے محرومی کے اندیشے ختم ہوگئے جو گزشتہ ہفتہ ابھر آئے تھے۔ اتانو نے اپنی جیت کے بعد کہا کہ انہیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے، ہم (میں اور دپیکا) کسی فائنل میں پہلی مرتبہ کھیلے اور ہم نے مل کر جیت درج کرائی۔ یہ دونوں 30 جون کو شادی کے پہلے سال کی خوشی منائیں گے۔