جنیوا ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) زمین کو سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے بچانے والی حفاظتی تہہ یا اوزون میں گزشتہ کئی برسوں سے سوراخ پیدا ہو گئے تھے جو زمین کی حدت میں اضافے کا سبب بن رہے تھے۔ تاہم اب آرکٹک کے اوپر موجود سوراخ بند ہو گیا ہے۔ہماری زمین کے کرہ ہوائی یا ‘اسٹریٹوسفیئر‘ میں موجود کیمیائی مادے اوزون کی تہہ موجود ہے جو سورج کی نقصان دہ شعاعوں کو سطح زمین تک پہنچنے سے روکتی ہے۔ زمین پر ضرر رساں گیسوں کے اخراج کے سبب اوزون کی اس حفاظتی تہہ کو نقصان پہنچ رہا تھا اور اس میں سوراخ پیدا ہو گئے ہیں۔ تاہم اب آرکٹک کے اوپر موجود ایک سوراخ بھر گیا ہے۔عالمی موسمیاتی تنظیم کے ترجمان کلار نیولِس نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی ایک بریفنگ کے دوران بتایا کہ اوزون کی حفاظتی تہہ میں اس سوراخ کا بھرنا خاص مادے اور کرہ ہوائی میں بہت شدید سردی کے سبب ممکن ہوا۔