نئی دہلی :آر ایس ایس سے منسلک بھارتیہ مزدور سنگھ نے سرکاری کمپنیوں کی نجکاری کی مخالفت کرتے ہوئے جمعرات کو ملک گیر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ’عوامی سیکٹر بچاو۔ملک بچاو‘ مہم کے ساتھ بی ایم ایس نے مرکزی حکومت کی نجکاری کی پالیسی کی مخالفت کرتے ہوئے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے مطالبات پر مبنی ایک عرضداشت بھی روانہ کی۔بی ایم ایس کے آل انڈیا سکریٹری گریش آرایہ کی قیادت میں مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف دہلی میں بھی مظاہرہ کیا گیا۔ گریش آریہ نے کہا کہ ریلوے، ڈیفنس، کول مائننگ، پوسٹل جیسی عوامی سیکٹر کی کمپنیاں ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی رہی ہیں اور بی ایم ایس ان کمپنیوں کی نجکاری کی ہر کوشش کی مخالفت کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ اگر سرکار ہمارے مطالبات کو نہیں مانتی ہے تو بی ایم ایس حکومت کے خلاف ٹھوس قدم اٹھائے گا۔
