احمد آباد۔12 جولائی (سیاست کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ وہ آر ایس ایس اور بی جے پی میں اپنے مخالفین کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے انہیں زعفرانی ایجنڈہ کے خلاف اپنی نظریاتی جنگ کو عوام تک پہنچانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ راہول گاندھی احمد آباد ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو بینک اور اس کے چیرمین اجئے پٹیل کی طرف سے اپنے خلاف دائرکردہ ہتک عزت کے مقدمہ کی سماعت کے لیے میٹروپولیٹن عدالت میں حاضری کے لیے یہاں پہونچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں آج پھر احمد آباد میں موجود ہوں۔ میرے سیاسی مخالفین آر ایس ایس اور بی جے پی کی طرف سے دائر کردہ مقدمہ کی سماعت کے ضمن میں یہاں پہونچا ہوں۔ راہول گاندھی نے احمد آباد پوہنچنے کے بعد ٹوئٹر پر ستیہ میوا جائتے لکھا اور اس تاثر کا اظہار کیا کہ میں ان (بی جے پی ،آر ایس ایس) کا شکرگزار ہوں جنہوں نے ان کے خلاف مجھے اپنی نظریاتی جنگ کو عوام میں لیجانے کے لیے ایک موقع اور پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔