آر ایس ایس کیخلاف بیان دینے پر جاوید اختر کو وجہ نمائی نوٹس

   

نئی دہلی۔ ہندوستانی انتہا پسند حکمراں جماعت آر ایس ایس کو طالبان سے جوڑنے پر جاوید اختر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔ ہندوستانی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران آر ایس ایس کا طالبان کے ساتھ موازنہ کرنے پر بالی ووڈ کے معروف گیت نگار جاوید اختر کو ہندوستانی ضلع تھین کی ایک عدالت نے وجہ نمائی نوٹس جاری کیا ہے۔یہ نوٹس آر ایس ایس کے ایک کارکن کی شکایت پر جاری کیا گیا ہے جس میں اختر پر الزام لگایا گیا کہ وہ آر ایس ایس کو بدنام کرنے کے لیے اس کو اسلامی تنظیم سے تشبیہ دے رہے ہیں۔ شکایت کنندہ کے مطابق اختر نے آر ایس ایس کے خلاف ہتک آمیز ریمارکس دیے ہیں جو کہ آر ایس ایس کو بدنام کرنے اور اس میں شامل ہونے والوں کی حوصلہ شکنی ، توہین اور گمراہی’’ کی ایک منصوبہ بند حکمت عملی کا حصہ ہے۔ تھین کی چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے اختر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ 12 نومبر سے پہلے پہلے اس کا جواب دیں۔