آر ایس ایس ہندو راشٹرا بنانے کا خواب ترک کرے

,

   

Ferty9 Clinic

ملک کو فرقہ پرستی اور ہندوتوا ذہنیت سے آزاد کیا جانا ضروری ، وزیراعظم کو میجر ایم جی دیواشیام کا مکتوب

نئی دہلی : میجر ایم جے دیواشیام آئی اے ایس ریٹائرڈ چیرمین پیپلز فرسٹ تنظیم نے جئے پرکاش نارائن کی برسی کے موقع پر (11 اکٹوبر) وزیراعظم نریندر مودی کو کھلا مکتوب لکھتے ہوئے کہاکہ ہمیں حیرت ہے کہ مودی کو ہندوستان کے محب وطن جئے پرکاش نارائن بھی یاد ہوں گے یا نہیں۔ اُنھوں نے جئے پرکاش نارائن کے خیالات اور احساسات کی ترجمانی کرتے ہوئے کہاکہ جئے پرکاش نارائن ہندوستان کو فرقہ پرستی اور ہندوتوا سے آزاد کرانا چاہتے تھے۔ وزیراعظم مودی اِن اُصولوں اور اقدار کے برعکس کام کررہے ہیں۔ جن اُصولوں پر جئے پرکاش نارائن نے زندگی گزارتے ہوئے آخری سانس لی تھی۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ 21 جولائی 1975 ء کو ایمرجنسی سے صرف 4 دن قبل جئے پرکاش نارائن سے ملاقات کی تھی۔ دیواشیام اب 80 سال کے ہوگئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ آج کے حالات سے بہت مایوس ہیں۔ جئے پرکاش نارائن نے مجھے اُس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی کو مخاطب کرتے ہوئے خط لکھنے کے لئے کئی دن کا وقت دیا تھا۔ اُس وقت خط لکھتے ہوئے میرے ہاتھ لرز رہے تھے کیوں کہ مجھے اِس خط کی وجہ سے سزا ملنے کا اندیشہ تھا لیکن سب کچھ ٹھیک رہا۔ میں نے اپنا فرض ادا کیا۔ یہ 15 صفحات کا مکتوب تھا جس کو میں نے وزیراعظم اندرا گاندھی کے دفتر پی ایم او کو روانہ کیا تھا۔ ان دنوں وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کو دیکھ کر مجھے افسوس ہوتا ہے۔ اُنھوں نے مودی کے نام 8 اکٹوبر کو مکتوب لکھتے ہوئے کہاکہ جئے پرکاش نارائن کی پالیسیوں پر عمل کرنا ضروری ہے۔ اُنھوں نے آر ایس ایس سے کہاکہ وہ ہندو راشٹرا کا خواب ترک کردے اور خود بھی اِس نظریہ سے دور ہوجائے۔ گاندھی جی کی قاتل راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ کو ہندوستان کی تاریخ میں بُرے لفظوں میں یاد رکھا جائے گا۔ جو لوگ ہندوستان اور ہندوؤں کو یکساں کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ہندوستان کی تاریخ کو ہندو تاریخ میں بدلنا چاہتے ہیں، وہ یہ بھول رہے ہیں کہ اِس سے ہندوستان کی عظمت اور ہندوستانی تاریخ کی شان تباہ ہوجائے گی۔