روزانہ 10 ہزار افراد کا نشانہ، ہریش راؤ اور سومیش کمار کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد : وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ اور چیف سکریٹری سومیش کمار نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں تلنگانہ میں ویکسین کے حصول اور آٹو ڈرائیورس کو ٹیکہ اندازی کے پروگرام کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 3 جون سے تمام آر ٹی سی ڈرائیورس، آٹو ڈرائیورس اور میکسی کیاب ڈرائیورس کو ٹیکہ اندازی کا آغاز کیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کے حدود اور دیگر اضلاع کے ہیڈکوارٹرس پر روزانہ 10 ہزار افراد کو ویکسین کی خوراک دی جائے گی۔ ہریش راؤ نے ریاست میں ویکسین کے اسٹاک کی موجودگی اور حکومت ہند کی جانب سے ویکسین کی سربراہی کا بھی جائزہ لیا۔ اُنھوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مرکز سے ویکسین کی زائد خوراک حاصل کرنے کے اقدامات کریں۔ وزیر فینانس نے طبی آلات کے حصول، آکسیجن کی سربراہی اور ریاست میں کورونا کی امکانی تیسری لہر سے نمٹنے کے احتیاطی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری آر اینڈ بی سنیل شرما، پرنسپل سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن، سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی، ٹرانسپورٹ کمشنر ایم آر راؤ، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر رمیش ریڈی، ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔