گمبھی راؤ پیٹ 26 ؍ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گذشتہ 52 روز سے جاری ہڑتال کو ختم کرتے ہوئے ڈیوٹی پر رجوع ہونے کے آر ٹی سی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اعلان کے بعد سرسلہ آر ٹی سی بس ڈپو پولیس چھاونی میں تبدیل کر دیا گیا ۔ کل رات دیر گئے اور آج صبح کے اوقات میں پولیس نے احتیاطی طور پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی سرسلہ کے ذمہ داران سمت بعض آر ٹی سی ملازمین کو ان کے گھروں سے گرفتار کرتے ہوئے انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا ۔ ضلع کے سرسلہ اور ویملواڑہ میں واقع آر ٹی سی بس ڈپو ز میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اعلان کے بعد کثیر تعداد میں آر ٹی سی ورکرس ڈیوٹی پر رجوع بکار ہونے ڈپو پہونچنے تھے جہاں انہیں اعلیٰ حکام کی جانب سے ڈیوٹی پر رجوع کرنے سے متعلق احکامات کی عدم وصولی کی بات بتاتے ہوئے ڈیوٹی سے رجوع کرنے سے انکار کیا گیا ۔اسی دوران پولیس اور آر ٹی سی ورکرس کے درمیان لفظی تکرار بھی دیکھی گئی جو بس ڈپو کے باب الداخلہ پر موجو د تھے ۔ اس طرح کے راویہ سے ناراض آر ٹی سی ہڑتالی ملازمین نے حکومت اور ٹی آر ٹی سی ایم ڈی سنیل شرما کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔ پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے احتجاجی آر ٹی سی ملازمین جن میں خواتین شامل تھیں گرفتار کرتے ہوئے ذریعہ پولیس ویان پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا ۔ سرسلہ اور ویملواڑہ آر ٹی سی بس ڈپوز کے سامنے احتیاطی طور پر بھاری تعداد میں پولیس ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے ۔ بعدازاں سرسلہ پولیس اسٹیشن میں آر ٹی سی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران نے اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے آر ٹی سی ملازمین کی راتوں رات گرفتاری کی سخت الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور حکومت کی جانب سے ڈیوٹی پر رجوع ہونے والے ملازمین کو ڈیوٹی پر رجوع کرنے پر بھی برہمی ظاہر کرتے ہوئے حکومت کے اس سخت موقف پر شدید تنقید یں کی ۔