حیدرآباد 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے آر ٹی سی ہڑتال میں حصہ لئے ہوئے آر ٹی سی ملازمین کے لئے ماہ ستمبر کی تنخواہوں کے لئے رقومات جاری کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی سطح پر جاری رہنے والی ہڑتال کے پیش نظر 49,700 ملازمین آر ٹی سی کی ماہ ستمبر سے متعلق تنخواہیں محض رقومات کا بہانہ بناتے ہوئے روک دی گئی تھیں۔ علاوہ ازیں ہڑتال میں حصہ نہ لینے والے ملازمین و عہدیداران آر ٹی سی کو بھی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ تاہم گزشتہ چند دن قبل ہڑتال میں شامل نہ رہنے والے ملازمین کو ماہ ستمبر کی تنخواہ ادا کی گئی تھی۔ یکم ڈسمبر اتوار کو آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ چیف منسٹر کے منعقدہ اجلاس کے موقع پر فوری ماہ ستمبر کی تنخواہیں ادا کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر نے ملازمین آر ٹی سی کو واضح تیقن دیا تھا جس کی روشنی میں چیف منسٹر کی ہدایات پر محکمہ فینانس نے 100 کروڑ روپئے گزشتہ دن جاری کئے۔ اس طرح ملازمین کے کھاتوں میں ماہ ستمبر کی تنخواہ جمع کروادی گئی ہے۔ حکومت کے اس اقدام سے آر ٹی سی ملازمین میں خوشی کا اظہار کیا گیا ہے کیوں کہ ہڑتالی ملازمین آ رٹی سی کو تنخواہ کی ادائیگی کی توقع ہرگز نہیں تھی۔