کارپوریشن کے 200 سے زائد ملازمین کورونا کا شکار ۔ حکومت سے فوری اقدامات کی خواہش
حیدرآباد ۔ تلنگانہ میں آر ٹی سی ملازمین کی جانب سے کارپوریشن میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا جانے لگا ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ آر ٹی سی ملازمین کی بڑی تعداد کورونا کا شکار ہونے لگی ہے اسی لئے حکومت کو فوری لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرنا چاہئے ۔ تلنگانہ میں آرٹی سی خدمات کی بحالی کے بعد سے اب تک 200 سے زائد ملازمین کورونا کا شکار ہوچکے ہیں جس کے سبب آرٹی سی ملازمین میں تشویش ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ مسلسل خدمات اور مسافرین سے رابطہ کے سبب آر ٹی سی عملہ کورونا کا شکار ہونے لگا ہے جو تشویشناک ہے۔ آرٹی سی ملازمین کی تنظیموں نے بتایا کہ ریاست میں تاحال 200 سے زائد ملازم کورونا وباء کا شکار ہوچکے ہیں اور اگر فوری لاک ڈاؤن اور آرٹی سی کی خدمات کو معطل نہیں کیا جاتا ہے تو متاثرین کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ہے۔ آرٹی سی ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ نہ صرف کورونا کا شکار ہورہے ہیں بلکہ وہ مسلسل مختلف روٹس پر خدمات انجام دینے کے سبب دوسروں کو متاثر کرنے کا سبب بن رہے ہیں اسی لئے حکام سے خواہش کی جا رہی ہے کہ وہ آرٹی سی خدمات کو معطل کرکے لاک ڈاؤن کا اعلان کریں تاکہ ملازمین اور شہریوں کے تحفظ کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے ۔ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں رعایتوں کے ساتھ آرٹی سی نے اضلاع میں خدمات کا آغاز کردیا گیا تھا اور اضلاع سے شہر اور شہر سے اضلاع بسوں کی خدمات کا آغاز کردیا گیا ہے لیکن تاحال شہر اور بلدیہ حیدرآباد کے حدود میں بس خدمات بحال نہیں کی گئیں اس کے باوجود عملہ میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہاہے ۔ آرٹی سی ملازمین کا کہناہے کہ ان خدمات کے آغاز کے باوجود آرٹی سی اب تک منافع بخش کاروبار نہیں کر رہی ہے بلکہ ریاست کے مختلف اضلاع سے حیدرآباد اور حیدرآباد سے اضلاع کیلئے بس خدمات میں تحدیدات اور احتیاط کے سبب آرٹی سی کو نقصان کا سامنا ہے اور ملازمین کورونا کا شکار ہورہے ہیں اسی لئے خدمات کو فوری معطل کرنے میں بہتری ہے۔