آر ٹی سی کیلئے کے سی آر کے پاس 47 کروڑ روپئے دستیاب نہیں: وشویشور ریڈی

   

حیدرآباد۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر کے پاس پراجیکٹس کی تکمیل کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپئے موجود ہیں لیکن آر ٹی سی ملازمین کے لیے ان کے پاس 47 کروڑ دستیاب نہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کونڈا وشویشور ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر غلط رپورٹ کے ذریعہ عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو پولیس اور پجاری دونوں کافی ہیں اور انہیں عوام کی ضرورت نہیں ہے۔ گزشتہ ایک ماہ سے آر ٹی سی ہڑتال کی یکسوئی کے سلسلہ میں کے سی آر نے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھائے۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین کے ہڑتال کی تائید کی اور کہا کہ عوامی مسائل کے سلسلہ میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کانگریس پارٹی کام کرے گی۔