آر ٹی سی کے نئے منیجنگ ڈائرکٹر کیلئے تین عہدیداروں کے نام زیرغور

   

حکومت کی سرزنش کے بعد تقرر کی مساعی
حیدرآباد۔ 16 اکٹوبر (سیاست نیوز) آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر کے عہدے پر مستقل عہدیدار کے عدم تقرر پر ہائی کورٹ کی ناراضگی کے فوری بعد حکومت نے عہدیداروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 3 آئی پی ایس عہدیداروں آر ایس پروین کمار، اکن سبروال اور اسٹیفن رویندرا کو ڈائرکٹر جنگل پولیس دفتر سے فون کیا گیا اور انہیں نئی ذمہ داری کے سلسلہ میں تیار رہنے کی ہدایت دی گئی۔ ان میں سے کسی ایک کو آر ٹی سی کا نیا منیجنگ ڈائرکٹر مقرر کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ کل ہائی کورٹ میں آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال پر سماعت کے دوران عدالت نے حکومت کی سرزنش کی تھی۔ مستقل منیجنگ ڈائرکٹر کی عدم موجودگی کے سبب ملازمین نے اپنے مسائل پیش کرنے کے سلسلہ میں معذوری کا اظہار کیا تھا۔ عدالت نے کہا کہ حکومت کو کئی اداروں پر تقررات سے دلچسپی نہیں ہے۔ ہائی کورٹ نے آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر کے علاوہ لوک آیوکت اور انسانی حقوق کمیشن کے عہدوں پر عدم تقررات پر ناراضگی جتائی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے دفتر سے بہت جلد آر ٹی سی کے نئے منیجنگ ڈائرکٹر کا تقرر کردیا جائے گا۔