جے اے سی، عدالتی احکام پر تعمیل کیلئے تیار، اشواتما ریڈی کا اعلان، عدالتی پیانل پر آج دوپہر تک جواب طلبی
حیدرآباد 12 نومبر (این ایس ایس) آر ٹی سی ہڑتال کا حل تلاش کرنے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ ججوں کا پیانل تشکیل دینے ہائی کورٹ کی تجویز پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین یونینوں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے اے سی) کے کنوینر ای اشواتما ریڈی نے کمیٹی کے فیصلے اور عدالتی احکام کی توثیق کے طور پر اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ اشواتما ریڈی نے کہاکہ ’عدالتی ہدایات کو تسلیم کرنے ہم تیار ہیں‘۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ ہڑتال کے بارے میں ایک معین وقت فیصلہ کیا جائے گا۔ ریڈی نے میڈیا سے کہاکہ آر ٹی سی ملازمین عدالتی احکام پر تعمیل کرنے اور ہڑتال ختم کرنے تیار ہیں۔ قبل ازیں ہائی کورٹ نے عدالتی کمیٹی کے بارے میں کونسل کو چہارشنبہ کی دوپہر تک جواب دینے کی ہدایت کی تھی۔ آر ٹی سی کے سرکاری محکمہ میں انضمام کے مطالبہ پر جاری ملازمین کی ہڑتال چہارشنبہ کو 39 ویں دن میں داخل ہوجائے گی۔ عدالت عالیہ نے کہاکہ آر ٹی سی ہڑتال کو وہ غیر قانونی قرار نہیں دے سکتی جس کا حکومت دعویٰ کررہی ہے۔ عدالت نے مزید کہاکہ جے اے سی، آر ٹی سی انتظامیہ اور ریاستی حکومت سے اس ہڑتال پر بات چیت کے بعد ہی عدالتی کمیٹی کوئی فیصلہ کرے گی۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے انضمام کے لئے ہڑتالی ملازمین کے مطالبہ کو مسترد کردیا ہے۔ ہائی کورٹ نے ہڑتال کے خلاف لازمی خدمات کی برقراری کے قانون ’اسما‘ کے نفاذ کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ علاوہ ازیں متبادل بسوں کی جانب سے بھاری کرایوں کی وصولی کے خلاف انتباہ دینے کے علاوہ 5100 بس روٹس کو خانگیانے پر حکم التواء جاری کردیا ہے۔