آر ٹی سی ہڑتال میں مداخلت کرنے مرکزی وزارت لیبر سے اپیل

   

بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کا مکتوب، ملازمین کے پی ایف کی رقم کی عدم اجرائی
حیدرآباد۔ 22 نومبر (سیاست نیوز) بی جے پی ارکان پارلیمنٹ نے مرکزی وزارت لیبر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے آر ٹی سی ہڑتال کے معاملہ میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ ملازمین کے ای پی ایف کی رقم کی اجرائی میں تلنگانہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ لہٰذا مرکزی وزارت لیبر کو کارروائی کرنی چاہئے۔ ارکان پارلیمنٹ بی سنجے، ڈی اروند اور ایس بابو رائو مکتوب میں کہا کہ ماہ اگست کے 80 کروڑ روپئے کے بقایا جات ادا کرنے کے لیے ای پی ایف نے آر ٹی سی کو ڈیمان نوٹس روانہ کی ہے۔ آر ٹی سی یونین کے مطابق حکومت کی جانب سے پی ایف کے تحت جملہ 760 کروڑ روپئے قابل ادائیگی ہیں۔ ہڑتال کے سبب حکومت اس معاملہ کو نظرانداز کررہی ہے۔ لہٰذا مرکزی وزارت لیبر کو مداخلت کرنی چاہئے۔ ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ پی ایف کے بقایا جات کی عدم ادائیگی ای پی ایف قانون کے مطابق فوجداری کارروائی کی متقاضی ہے۔ ملازمین کے مفادات کے تحفظ کے لیے مرکزی حکومت کو فوری کارروائی کرنی چاہئے۔ ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ تنخواہوں سے محروم آر ٹی سی ملازمین معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ خودکشی کے واقعات کے باوجود حکومت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غور کرنے تیار نہیں ہے۔