آر ٹی سی ہڑتال کیلئے کے سی آر ذمہ دار: اتم کمار ریڈی

   

20 اکٹوبر سے ہڑتال میں شدت پیدا کرنے کا اعلان
حیدرآباد۔17 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی لاپرواہی کے نتیجہ میں آر ٹی سی کی ہڑتال کا آغاز ہوا ہے۔ سوریہ پیٹ کے کوداڑ میں آر ٹی سی ملازمین کے احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے 19 اکٹوبر کے تلنگانہ بند کی تائید کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضورنگر کے ضمنی انتخابات میں آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کا اثر دکھائی دے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضورنگر کے رائے دہندے کے سی آر کو سبق سکھانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر نے آر ٹی سی کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس کے اثاثہ جات پر نظر ہے۔ اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ اگر 19 اکٹوبر تک آر ٹی سی ملازمین کے مسائل حل نہیں کئے گئے تو 20 اکٹوبر سے احتجاج میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔ کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے کے سی آر کو ہٹلر کا جانشین قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ ریاست میں اعلی طبقات کے تسلط کو قائم کرنے میں کے سی آر نے اہم رول ادا کیا ہے۔ تلنگانہ تحریک کے دوران کمزور اور پسماندہ طبقات کی بھلائی کے دعوے کیے گئے لیکن ریاست کی تشکیل کے بعد انہیں فراموش کردیا گیا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے سی آر کو اقتدار سے بے داخل کرنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔