حیدرآباد۔ 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے آر ٹی سی ہڑتال کے مسئلہ پر قومی انسانی حقوق کمیشن سے نمائندگی کی ہے۔ نارائنا نے شکایت کی کہ کے سی آر جمہوریت کا احترام کیے بغیر آر ٹی سی ملازمین کو تنخواہوں سے محروم رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس مسئلہ پر انسانی حقوق کمیشن سے مداخلت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین سے متعلق کے سی آر کے رویہ سے دلبرداشتہ ہوکر کئی ملازمین نے خودکشی کرلی۔ نارائنا نے انٹرمیڈیٹ نتائج میں دھاندلیوں کے موقع پر طلبہ کی خودکشی کے واقعات کا حوالہ دیا اور کہا کہ حکومت نے پسماندگان کو کوئی امداد نہیں دی تھی۔ تلنگانہ تحریک کے دوران طلبہ کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ کے سی آر نے طلبہ کی نعشوں پر چلتے ہوئے اقتدار حاصل کیا۔ ڈاکٹر نارائنا نے تلنگانہ بند کی تائید کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بند کو کامیاب بنائیں۔ نارائنا نے ریمارک کیا کہ آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کو نظرانداز کرتے ہوئے کے سی آر اپنی قبر آپ کھود رہے ہیں۔