نئی دہلی : صدر کانگریس سونیا گاندھی سے غلام نبی آزاد کی چند روز پیشتر ملاقات کے بعد آج منگل کو G-23 گروپ کے مزید چند قائدین نے ملاقات کی جن میں آنند شرما اور منیش تیواری شامل ہیں۔ سونیا گاندھی کی قیامگاہ پر اِس ملاقات میں بتایا گیا کہ پارٹی کے داخلی مسائل کی یکسوئی پر بات ہوئی۔ میٹنگ میں قائدین نے پارٹی کو مضبوط کرنے اور اِسے آئندہ مرحلہ کے انتخابات میں بی جے پی سے مقابلہ کے لئے تیار کرنے کے لئے اپنی تجاویز پیش کئے۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ سونیا گاندھی آنے والے دنوں میں G-23 کے مزید چند قائدین سے ملاقات کرسکتی ہیں۔ منگل کی ملاقات سلسلہ وار میٹنگس کا حصہ ہیں جو کانگریس کی اعلیٰ قیادت جیسے ایسے قائدین کے ساتھ کررہی ہے جنھوں نے اہم تنظیمی مسائل اُٹھائے اور پارٹی کو نئی جلا بخشنے کے لئے اقدامات تجویز کئے ہیں۔