نئی دہلی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسام میں شہریوں کے قطعی قومی رجسٹر (این آر سی) سے 2000 زنخوں کے نام حذف کئے جانے کے الزام کے ساتھ دائر کردہ درخواست پر سپریم کورٹ نے پیر کو مرکز اور حکومت آسام سے جواب طلب کیا ہے۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے، جسٹس بی آر گوائی اور سوریہ کانت پر مشتمل ایک بنچ نے سواتی بدھان بروا کی طرف سے دائر کردہ مفاد عامہ کی درخواست پر حکومت کو یہ نوٹس جاری کی ہے۔ سواتی بروا نے جو آسام سے تعلق رکھنے والی پہلی زنخہ جج ہیں، این آر سی کے عمل اور قطعی مسودہ کی اشاعت میں زنخوں کے نام کو حذف کئے جانے کی نشاندہی کی۔ سواتی بدھان آسام کی پہلی اور ملک کی تیسری معلنہ زنخہ جج ہیں۔