گوہاٹی2جون (سیاست ڈاٹ کام ) آسام میں وادی براک میں پیر کی رات تودہ گرنے کے دو واقعات میں کم سے کم 20 لوگوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ سرکاری ذرائع نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ موسلادھار بارش کی وجہ سے وادی براک کے کچھار، ہیلاکانڈی اور کریم گنج اضلاع میں کئی مقامات پر تودہ گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ اب تک کریم گنج اور ہیلاکانڈی میں سات۔ سات اور کچھار میں چھ لوگوں کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملبوں میں بہت سے لوگ دبے ہوئے ہیں، جس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے ۔ تودہ گرنے سے بہت سے مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔وزیراعلی اروند سروانند سونوال نے مرنے والوں کے اہل خانہ کے تئیں گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے واقعہ میں زخمیوں کے علاج اور راحت میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے متوفیوں کے اہل خانہ کو معاوضے کی رقم کی فورا ادائیگی کی بھی ہدایت دی۔