نئی دہلی ؍ گوہاٹی :وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو آسام کیلئے بھرپور اعانت کی یقین دہانی کرائی جو کوویڈ۔19 اور سیلاب کے بحرانوں سے دوچار ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سرب نند سونووال کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران ریاست کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے ان لواحقین کیلئے فی کس 2 لاکھ روپئے کا ایکس گریشیاء منظور کیا جنہوں نے آسام میں سیلاب کے باعث اپنے متعلقین کی جانیں گنوائی ہیں۔ پی ایم او سے ٹوئیٹ کیا گیا کہ یہ رقم پرائم منسٹرس نیشنل ریلیف فنڈ سے دی جائے گی۔ گوہاٹی میں جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق مودی نے کہا کہ مرکز چیلنج بھرے حالات سے نمٹنے کیلئے حکومت آسام کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملائے ٹھہرا ہے۔ سونووال نے مودی کو بتایا کہ جمعہ تک دستیاب اعدادوشمار کے مطابق سیلاب میں 35 افراد فوت ہوچکے ہیں۔