گوہاٹی 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت آسام نے قطعی این آر سی میںشامل نہ کئے گئے افراد کی اپیلوں کی سماعت کیلئے ریاست کے جملہ 33 اضلاع میں مزید 200 فارنرس اپیل ٹریبونلس قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تمام اضلاع میں یہ ٹریبونلس قائم کئے جائیں گے ۔ ریاست میں پہلے ہی سے 10 ٹریبونلس موجود ہیں اور مزید 200 ٹریبونلس ان کے علاوہ ہونگے ۔ ایک سرکاری اعلامیہ اس سلسلہ میںکل رات جاری کردیا گیا ۔ قواعد کے مطابق این آر سی فہرست میںنام شامل نہ کئے جانے کے خلاف جو اپیلیں رہیں گی وہ نیم عدالتی ٹریبونلس ہی میں دائر کی جانی چاہئیں اور یہ کام این آر سی کی اشاعت کے 120 کے اندر کیا جانا ہوگا ۔ آسام میں 31 اگسٹ کو قطعی این آر سی کی اشاعت عمل میں لائی گئی تھی اور جملہ 19 لاکھ سے زائد افراد کے نام اس فہرست میںشامل نہیں کئے گئے تھے ۔ ان افراد کی جانب سے اپنے ناموں کی شمولیت کیلئے اب فارنرس ٹریبونلس میں درخواستیں داخل کی جائیں گی ۔ آسام میں 2013 میں سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد این آر سی کی فہرست کو اپ ٹو ڈیٹ بنانے کا کام شروع ہوا تھا اور اس کے بعد سے سپریم کورٹ کی جانب سے سارے عمل کی مکمل نگرانی کی جا رہی تھی ۔