گوہاٹی :مہاراشٹرا میں جاری سیاسی بحران کے درمیان کانگریس لیڈر گورو گگوئی نے آج کہا کہ بی جے پی نے سیلاب سے متاثرہ شمال مشرق کے لوگوں سے منھ موڑ لیا ہے اور منتخب (مہاراشٹرا) حکومت کو گرا کر صرف اقتدار کی اپنی ہوس بجھانے میں لگی ہے۔ گگوئی نے وزیر اعظم مودی کی جانب سے اب تک سیلاب سے بری طرح متاثر آسام کا دورہ نہیں کرنے پر بھی سوال اٹھایا۔آسام میں سیلاب کے قہر اور مہاراشٹرا کے باغی شیوسینا اراکین اسمبلی کے ریاست میں پناہ لینے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کانگریس لیڈر گورو گگوئی نے کہا کہ بی جے پی سیلاب متاثرہ شمال مشرقی عوام کا درد نہیں دیکھ رہی، وہ اندھی ہو گئی ہے اور ایک عوام کی منتخب حکومت کو گرا کر صرف اقتدار کی ہوس مٹانا چاہتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم یا تو گجرات انتخاب کی تشہیر میں مصروف ہیں یا مہاراشٹرا میں حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم نے پہلے کبھی نہیں د یکھا کہ ایسے وقت میں جب لوگوں کے پاس پینے کا پانی تک نہیں ہے، ایک حکومت سبھی سرکاری وسائل کا استعمال اپنے سیاسی مقاصد کو پورا کرنے میں کر رہی ہے۔ وزیر اعظم کو ریاست کا دورہ کرکے، اسپیشل پیکیج کا اعلان کرنا چاہیے لیکن وہ مہاراشٹرا حکومت کو گرانے میں مصروف ہیں۔ بی جے پی کے لیے اقتدار ہی سب کچھ ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ سیلاب متاثرین کے پاس پینے کا پانی نہیں ہے، لوگ مر رہے ہیں اور شمشان سیلاب کے پانی سے بھر رہا ہے۔