آسرا پنشن کے استفادہ کنندگان میں شناختی کارڈس کی تقسیم

   


عوام کو سرکاری اسکیمات سے استفادہ کا مشورہ : وزیر ٹی سرینواس یادو کا خطاب
حیدرآباد۔ 12 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر برائے افزائش مویشیاں، سمکیات، فروغ ڈیری اور سینیماٹوگرافی جناب تلاسانی سرینواس یادو نے کہا کہ چیف منسٹر جناب کلواکنٹلا چندر شیکھر راؤ ایسے کئی فلاحی پروگراموں کو نافذ کرکے ہر گھر کے بڑے بیٹے بن گئے ہیں۔ پیر کے روز سکندرآباد کے ہری ہرا کلا بھون میں آسرا پنشن سے استفادہ کنندگان کو شناختی کارڈ حوالے کئے گئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل بزرگوں اور بیواؤں کو 200 روپے اور معذوروں کو 500 روپے پنشن دیا جاتا تھا ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں حکومت نے معمرین اور بیواؤں کو دی جانے والی مالی امداد کو بڑھا کر 2016 روپے اور معذوروں کو فراہم کی جانے والی مالی امداد کو بڑھا کر 3016 روپے کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 15 اگست سے ریاست بھر میں 10 لاکھ اہل لوگوں کو نئی پنشن جاری کی ہے۔ حیدرآباد ضلع کے لیے 77,695 نئی پنشن منظور کی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی طرف سے دی جانے والی مالی امداد میں اضافہ کے بعد مستحقین کافی خوش ہیں۔ وزیر نے مزید کہا کہ استفادہ کنندگان پنشن کی رقم کے لیے ادھر ادھر جاتے تھے لیکن اب ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے اور وہ اسے براہ راست مستحقین کے کھاتوں میں جمع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ غریب خواتین کی شادی کے لیے 1 لاکھ 116 روپے کی مالی امداد فراہم کر ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت کا مقصد غریبوں کو خوش رکھنا اور بہتر زندگی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ پرائیویٹ اسپتالوں میں جاکر ، مالی مشکلات کا سامنا کرنے سے بہتر ہے ، سرکاری دواخانوں کے طبی خدمات سے استفادہ کرے۔ سرکاری ہاسپٹل بہت ترقی یافتہ ہیں اور ہر قسم کے میڈیکل ٹیسٹ اور علاج مفت کئے جارہے ہیں۔ علاج معالجے کیلئے دور دراز مقامات پر گئے بغیر بستی کلینک دستیاب کرائے گئے ہیں اور وہاں عوام کے لیے کو ضروری سرکاری طبی خدمات بھی دستیاب ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل کورونا کے علاج کا مرکز بن گیا تھا ، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سرکاری اسپتالوں نے کتنی ترقی کی ہے۔ مزید برآں وضاحت کی گئی کہ حکومت نے غریب طلباء کے لیے رہائشی اسکول قائم کیے ہیں اور مفت تعلیم، نصابی کتب اور یونیفارم کی فراہمی کے علاوہ معیاری تدریسی سہولیات اور غذا بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ اس پروگرام میں انچارج آر ڈی او وینکٹیشورلو، ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر وینکٹ، کارپوریٹرس مہیشوری، ہیمالتہ، سابق کارپوریٹرس اکولہ روپا، اپلا ترونی، تحصیلدار سیلجہ آیاپا اور دیگر نے حصہ لیا۔