ویانا: یورپی ملک آسٹریا میں کورونا کے باعث لگائی گئی پابندیوں میں نرمی ہوتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد نے حجام کا رخ کیا، تاہم بال کٹوانے کے لیے حکومت نے ایک شرط عائد کی ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آسٹریا میں نافذ لاک ڈاؤن میں پیر کے روز نرمی کی گئی جس کے بعد ہیئر سیلون سمیت کئی کاروبار کھول دیے گئے ہیں۔تاہم حجام کی دکان میں داخلے کے لیے کورونا ٹسٹ کروانا لازمی قرار دیا ہے اور منفی آنے کی صورت میں ہی بال کٹوانے کے لیے سیلون جایا جا سکتا ہے۔گزشتہ سال دسمبر کے بعد سے آسٹریا میں سکول، دکانیں اور میوزیم پہلی مرتبہ کھلنا شروع ہوئے ہیں۔ طلبا کو اسکول میں کلاسیں لینے کے لیے ہفتے میں دو مرتبہ کورونا کا ٹسٹ کروانا ہوگا۔لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں مختلف مقامات پر قائم ٹسٹ سنٹرز میں شہریوں کا رش دیکھا گیا۔ویانا کے ہیئر ڈریسرز کو کئی ہفتوں بعد ایک مرتبہ پھر کام کرنے کا موقع مل رہا ہے ہیئر ڈریسر سوزین کا کہنا تھا کہ سیلون آنے کے لیے کورونا کا ٹسٹ کرانے کی شرط پر اکثر شہری ناخوش ہیں۔
