کینبرا : آسٹریلیا سوشل میڈیا کے حوالے سے ایک نیا قانون بنانا چاہتا ہے، جس کے بعد سے فیس بک انتظامیہ اور آسٹریلوی حکومت کے مابین محاذ آرائی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ فیس بک نے اس براعظم میں اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے خبروں کے ساتھ ساتھ موسم اور طوفانوں کی پیش گوئی سے متعلق تمام مواد کی فراہمی روک دی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اس پیش رفت کو ایک خطرناک رجحان قرار دیا ہے۔ اس تنظیم کا کہنا تھا کہ لوگوں کی ایسی معلومات تک رسائی ناگزیر ہے۔ براعظم آسٹریلیا کو ان دنوں جنگلاتی آگ کے ساتھ ساتھ شدید بارشوں اور سیلابوں کا بھی سامنا ہے۔ فیس بک کے مطابق وہ مقامی میڈیا کا مواد شیئر کرنے کے لیے کوئی رقم ادا نہیں کرے گا۔