آسٹریلیاکے 580رنز مکمل ،پاکستان پر 340 رنز کی برتری

   

برسبین ۔23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے مارنس لبوشین اور ڈیوڈ وارنر کی سنچریوں کی بدولت پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 300 رنز سے زائد کی برتری حاصل کر کے میچ کو مکمل طور پر اپنی گرفت میں لے لیا ہے۔برسبین میں کھیلے جا رہے سیریز پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 312رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو ڈیوڈ وارنر 151 اور لبوشین 55 رنز پر کھیل رہے تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ وہیں سے جوڑتے ہوئے ایک مرتبہ پھر پاکستانی باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کیا اور اسکور کو 351 رنز تک پہنچا دیا، اس موقع پر ڈیوڈ وارنر 154 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد نسیم شاہ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی وکٹ بن گئے۔اسٹیون اسمتھ رنز کی اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے میں ناکام رہے اور چار کے انفرادی اسکور پر یاسر شاہ نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔358 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد ایسا لگتا تھا کہ پاکستانی باؤلرز یکے بعد دیگرے وکٹیں لے کر میچ میں واپسی کرنے میں کامیاب رہیں گے لیکن لبوشین نے میتھیو ویڈ کے ساتھ مل کر اس خوش فہمی کو دور کردیا۔دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کے لیے مزید 110رنز جوڑ کر میچ میں اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مزید مضبوط کرتے ہوئے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔اس دوران دوسرے اینڈ پر موجود لبوشین نے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا جبکہ ویڈ 60 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔نئے بیٹسمین ٹریوس ہیڈ اور لبوشین کے درمیان بھی 38 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد ہیڈ 24رنز بنا کر چلتے بنے لیکن دوسرے اینڈ سے لبوشین عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے پاکستانی باؤلرز کا امتحان لیتے رہے۔اسکور 545 تک پہنچا تو آسٹریلین کپتان ٹم پین کی اننگز کی تمام ہوئی جبکہ ایک رن کے اضافے سے لبوشین کی 185 رنز کی میراتھن اننگز بھی اختتام کو پہنچی جس میں 20 دلکش چوکے شامل تھے۔13 رنز بنانے والے ٹم پین کی طرح مچل اسٹارک5، پیٹ کمنز7 اور جوش ہیزل وڈ 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی اننگز 580 رنز پر تمام ہوئی اور میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 340 رنز کی بھاری برتری حاصل کر کے پاکستان کی میچ میں واپسی کے امکانات کو تقریباً ختم کردیا ہے۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ 4وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ حارث سہیل اور شاہین شاہ آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔