ملبورن: آسٹریلیا میں محققین نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دنیا میں پہلی مرتبہ ایک ایسا ٹسٹ ایجاد کیا ہے جس کے زریعے خون کا نمونہ لے کر 20 منٹ میں کورونا وائرس کی تشخیص کی جا سکتی ہے۔ میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کی موناش یونیورسٹی نے کہا ہے کہ ان کا یہ ٹسٹ اس بات کا تعین کر سکتا ہے کہ مریض ابھی کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے یا وہ ماضی میں کورونا کا مریض رہا ہے۔جمعے کو ’اے سی ایس سینسرز‘ نامی جرنل میں شائع ہونے والے ریسرچ پیپر میں محققین نے کہا ہے کہ ’اس کے ذریعے بہت جلد کیسز کی شناخت کی جا سکتی ہے اور کانیکٹ ٹریسنگ سے وائرس کے پھیلاؤ کو کم کیا جا سکتا ہے۔ تاہم آبادی کی بڑی تعداد کی سکریننگ کرنے میں وقت لگ سکتا ہے۔‘اس ٹسٹ میں خون سے پلازمہ کے 25 مائکرولیٹرز لیے جاتے ہیں اور پھر اس میں خون کے سرخ خلیوں کے کلسٹر کا معائنہ کیا جاتا ہے۔ریسرچرز کا کہنا ہے کہ اس طریقے سے ہر گھنٹے میں سینکڑوں نمونے ٹسٹ کیے جا سکتے ہیں اور انہیں یہ اْمید بھی ہے کہ اس کے ذریعے کلینکل ٹرائلز میں دی جانے والی ویکسین سے اینٹی باڈیز کے بڑھنے کا سراغ بھی لگایا جا سکتا ہے۔
