بابر اعظم کی سنچری ، اننگز شکست سے بچنے رضوان اور یاسر شاہ کی کوششیں رائیگاں
برسبین ۔24نومبر(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان کو اننگز اور 5رنوں سے ہرادیا۔ پاکستان نے آج اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اس کے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز تھے جب کہ کریز پر شان مسعود 27 اور بابر اعظم 20 رنز بناکر موجود تھے، پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 276 رنز درکار تھے۔چوتھے دن کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کو یکے بعد دیگرے 2 وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ شان مسعود 42 جب کہ افتخار احمد صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر محمد رضوان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کیلئے 132 رنز کی شراکت داری قائم کی۔226 رنز کے مجموعی اسکور پر نیتھن لیون نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی پارٹنر شپ کا خاتمہ کیا، بابر اعظم نے 104 رنز کی اننگز کھیلی۔جس کے بعد رضوان نے یاسر شاہ کے ساتھ پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی۔ دونوں نے مل کر ساتویں وکٹ پر 79 رنز کی شراکت قائم کی۔305 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان اس وقت آؤٹ ہوئے جب وہ اپنی سنچری سے صرف 5 رنز دور تھے، وہ 95 رنز پر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔پاکستان کی آٹھویں وکٹ یاسر شاہ کی صورت میں گری انہوں نے 42 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی 10 جب کہ عمران خان 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح پوری ٹیم 335 رنز ہی بناسکی اور آسٹریلیا نے اننگز اور 5 رنز سے فتح سمیٹ کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔دوسرا ٹسٹ میاچ اڈیلیڈ میں29نومبر سے کھیلا جائے گا ۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 240 رنز بنائے تھے۔ جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم نے 580 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کردیا جس میں وارنر کے 154 اور لابسنگے کے 185 رنز شامل ہیں۔ ویڈ نے 60 اور برنس نے 97 رنوں کے ساتھ ٹیم کے بڑا اسکور کھڑا کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ پاکستان کے بولرس آسٹریلیا کے تجربہ کار کھلاڑیوں کو روکنے میں ناکام رہے۔ یاسر شاہ نے 4 وکٹس لئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث سہیل کو 2، 2 وکٹس ملیں۔ پاکستان کی ٹیم دوسری باری میں بھی بہتر کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکی۔ بابر اعظم 104 اور محمد رضوان کے 95 کے سواء کوئی بھی کھلاڑی بہتر مظاہرہ نہ کرسکا۔ یاسر شاہ نے کچھ مزاحمت کی اور رضوان کے ساتھ ٹیم کو شکست سے بچانے کی کوشش کی لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے۔