آسٹریلین اوپن:جوکووچ پر عائد پابندی ختم

   

کینبرا۔ آسٹریلیائی حکومت نے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کے ملک میں داخلے پر عائد پابندی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے آسٹریلین اوپن میں شرکت کا راستہ صاف کردیا ہے ۔خبر رساں ایجنسی شنہوا کی رپورٹ کے مطابق امیگریشن کے وزیر اینڈریو جائلز نے جمعرات کو تصدیق کی کہ جوکووچ کو ملک میں داخلے کے لیے عارضی ویزا دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ تقریباً 10 ماہ بعد لیا گیاہے جب سربیائی اسٹار کو گرانڈ سلام کے موقع پر میلبورن میں کورونا کے خلاف ویکسین لگائے بغیر ملک میں داخل ہونے کی کوشش کرنے پر حراست میں لیا گیا تھا۔ قانونی جنگ کے بعد جوکووچ کو ملک بدرکردیا گیا اور خود بخود تین سال کے لیے آسٹریلیا میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی تھی ۔ جائلز کا فیصلہ اس پابندی کو ختم کرتا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سخت سرحدی پابندیاں جو بغیر ٹیکے نہ لگوائے گئے غیر شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کرتی تھیں ہٹا دی گئی ہیں۔جنوری 2022 میں مسٹر جوکووچ کے ویزا کی منسوخی کے بعد سے، بایو سیکیوریٹی ایکٹ 2015 کے تحت تمام کوویڈ19 سے متعلق آسٹریلیائی سرحدی پابندیوں کو ہٹا دیا گیا ہے، جس میں آسٹریلیا میں داخل ہونے کے لیے کورونا ویکسینیشن کی حیثیت کا ثبوت فراہم کرنے کی ضرورت بھی شامل ہے۔ ملک بدر ہونے سے قبل جوکووچ کا مقصد میلبورن پارک میں مسلسل چوتھی بار مینز سنگلز خطاب جیتنا تھا لیکن وہ پورا نہ ہوسکا۔ٹورن میں اے ٹی پی فائنلز میں خطاب کرتے ہوئے جوکووچ نے کہا کہ وہ آسٹریلیا واپس آ کر بہت خوش ہوں گے۔مجھے یقینی طور پر اس سے اچھی خبر نہیں مل سکتی تھی ۔ آسٹریلین اوپن میرا سب سے کامیاب گرانڈ سلام رہا ہے۔ میں نے وہاں کچھ بہترین یادیں بنائیں،2023 آسٹریلین اوپن 16 سے 29 جنوری تک کھیلا جائے گا ۔امید کی جارہی ہے کہ جوکووچ کی آمد کے بعد سال کے اس پہلے گرانڈ سلام میں مسابقتی مقابلوں میں اضافہ ہوگا ۔