ملک کے اتحاد و یکجہتی کیلئے قربانی، ہنمنت راؤ، انجن کمار اور دیگر قائدین کا خطاب
حیدرآباد 31 اکٹوبر (سیاست نیوز) سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی 35 ویں برسی کے موقع پر پردیش کانگریس کمیٹی نے زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ نیکلس روڈ پر واقع اندرا گاندھی کے مجسمہ پر پھول نچھاور کرتے ہوئے ملک کے اتحاد اور یکجہتی کے لئے اُن کی قربانی کی یاد تازہ کی گئی۔ کانگریس کے کئی سینئر قائدین نے دعائیہ اجتماع میں شرکت کی جن میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، سابق صدر پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا، ورکنگ پریسڈنٹ پردیش کانگریس پونم پربھاکر، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی، انجن کمار یادو صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی، رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو، نائب صدر پردیش کانگریس ٹی کمار راؤ، جنرل سکریٹری پریم لال، جنرل سکریٹری ایم آر ونود ریڈی، جنرل سکریٹری عظمیٰ شاکر، پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن، پی سی سی سکریٹری یوسف ہاشمی اور دوسرے شامل ہیں۔ اِس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہاکہ گاندھی خاندان نے ملک کے لئے جو قربانیاں دی ہیں اُنھیں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کو فرقہ پرست طاقتوں نے ترقی کی راہ سے ہٹانے کی کوشش کی ہے۔ مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو سے لے کر راجیو گاندھی تک ملک کے اتحاد کے لئے اپنی جان قربان کی گئی۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی بھی ملک کے اتحاد کے لئے دن رات کام کررہے ہیں۔ اُنھوں نے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی کو مستحکم کرتے ہوئے ملک کے اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنائیں۔ انجن کمار یادو نے کہاکہ اندرا گاندھی نے غریبی ہٹاؤ کا نعرہ لگایا تھا جس کا مقصد غریبوں کی زندگی میں خوشحالی پیدا کرنا تھا۔ اُنھوں نے کسانوں کو زمین الاٹ کرنے کی وکالت کی تھی۔ انجن کمار یادو نے کہاکہ ملک دشمن طاقتوں نے آنجہانی وزیراعظم کو گولیوں سے چھلنی کردیا۔ لیکن آج بھی اُن کی قربانیوں کی یاد منائی جاتی ہے اور عوام ملک کے اتحاد کے استحکام کے لئے حلف اُٹھاتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں آج بھی کانگریس اور کانگریس قائدین کی تعلیمات پر عمل آوری کی ضرورت ہے کیوں کہ فرقہ پرست طاقتیں ملک کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔