آنجہانی جج کی بیوی کو سرکاری نوکری دی جانی چاہئے : رگھورداس

   

رانچی ۔ جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ اور بی جے پی کے قومی نائب صدر رگھوور داس نے کہا کہ جسٹس اتم آند کے قتل کے معاملے میں وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کو جتنی مستعدی دکھانی چاہئے تھی ، انہوں نے نہیں دکھائی۔ داس نے اتوار کے روز بتایا کہ انہوں نے جج کی موت پر وہ حساسیت نہیں دکھائی ،جتنی کہ ملک سے غداری کے الزام میں گرفتار اسٹیون سوامی کی بیماری سے ہوئی موت پر دکھائی تھی۔ اسٹین سوامی کے معاملے جرم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ، عدالت نے انہیں ضمانت نہیں دی تھی لیکن ہیمنت سورین نے ان کی موت پر جو جوش دکھایا وہ جج صاحب کی موت پر دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ وزیراعلیٰ نے اسٹین سوامی کے گھر جاکر کہا تھا کہ ان کے کنبے کا ایک ممبر چلا گیا جبکہ جج کے گھر جانا تک انہوں نے مناسب نہیں سمجھا۔ مقتول جج کے لواحقین کو وزیراعلیٰ اپنے دفتر میں بلا کر ملتے ہیں ، یہ رشتہ دار کون تھے ، یہ بھی واضح نہیں ہے ۔ یہ وزیر اعلیٰ کی حساسیت پر سوالیہ نشان ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بہتر ہوتا کہ وزیراعلیٰ ان کے گھر جاتے ۔ ان کے والد اور گھروالوں کو دلاسا دیتے ۔ داس نے مزید کہا کہ آنجہانی جج کی اہلیہ کو ان کی اہلیت کے مطابق سرکاری ملازمت دی جانی چاہئے ۔