ریاست کی ترقی کیلئے کارناموں کی یاد، اسمبلی میں مخالف عوام اقدامات پر جدوجہد: اتم کمار ریڈی
حیدرآباد۔ 2 ستمبر (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو 10 ویں برسی پر پردیش کانگریس کمیٹی نے خراج عقیدت پیش کیا۔ گاندھی بھون اور پنجہ گٹہ میں واقع راج شیکھر ریڈی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیئے گئے ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، ان کی اہلیہ شریمتی پدماوتی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق صدر پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا، سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چند ریڈی، سمپت کمار، سٹی کانگریس کے صدر انجن کمار یادو، سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے وی پی رام چندر رائو، ورکنگ پریسیڈنٹ پردیش کانگریس کسم کمار، نائب صدر کمار یادو اور دیگر قائدین نے وائی ایس راج شیکھرریڈی کو خراج پیش کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی آندھراپردیش کی ترقی کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں انہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لیے آروگیہ شری اسکیم راج شیکھر ریڈی کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس پارٹی آبپاشی پراجیکٹس کی تعمیر کے خلاف نہیں ہے۔ وہ صرف پراجیکٹس میں بے قاعدگیوں پر سوال اٹھا رہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف اسمبلی میں کانگریس پارٹی جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی اسمبلی اجلاس سے قبل اپنی حکمت عملی طے کرے گی۔
