آنجہانی قائدین کو خراج ،اسمبلی اجلاس دن بھر کیلئے ملتوی

   

حیدرآباد۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوسرے دن ناگر جنا ساگر حلقہ اسمبلی کے متوفی رکن اسمبلی این نرسمہیا کے علاوہ سابق ارکان اسمبلی مسٹر جی ملیش‘ مسٹر این نرسمہا ریڈی ‘ مسٹر کے رام ریڈی ‘ مسٹر کے مدھوسدن ریڈی ‘ مسٹر وینکٹ نرسیا‘ مسٹر ڈی سرینواس راؤ‘ مسٹر سی ایچ باگنا کے علاوہ مسٹر کے ویرا ریڈی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایوان میں متوفی رکن اسمبلی اور سابق ارکان اسمبلی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر این نرسمہیا ان کے ایک بہترین دوست اور رفیق رہے ہیں اور انہوں نے تحریک تلنگانہ کے دوران بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے حصول تلنگانہ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے علاوہ ایوان میں موجود مختلف سیاسی جماعتو ںکے ارکان نے بھی متوفی ارکان اسمبلی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ چیف منسٹر نے خراج پیش کرنے کے لئے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رکن اسمبلی ناگرجنا ساگر ایک عوامی قائد کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتے تھے اور انہوں نے کسانوں کے لئے بھی جو تحریک چلاتے ہوئے ان کی اراضیات کے تحفظ اور ان کے حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے وہ قابل ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔چیف منسٹر نے کہا کہ وہ تحریک تعزیت انتہائی کرب کے ساتھ پیش کر رہے ہیں کیونکہ وہ ایک اچھے دوست سے محروم ہوچکے ہیں۔ انہو ںنے این نرسمہیا کے بائیں بازو جماعت کے ساتھ تحریکات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بائیں بازو جماعتوں کے ساتھ رہتے ہوئے ایک عوامی قائد کے طور پر علاقہ میں اپنی منفرد شناخت رکھتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر این نرسمہیا کو کوئی بیماری نہیں تھی اور وہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے تھے لیکن اچانک ان کی موت نے نہ صرف ان کے افراد خاندان بلکہ ان کے حلقہ کے عوام اور خود انہیں (چیف منسٹر) کو جو صدمہ دیا ہے وہ نا قابل بیان ہے اور ان کی موت سے جو نقصان ہوا ہے وہ ناقابل تلافی نقصان ہے۔مسٹر کے ٹی راما راؤ نے رکن اسمبلی ناگرجنا ساگر سے اپنی 8سالہ رفاقت کے علاوہ ان سے تعلقات کا تذکرہ کیا ۔ اس کے علاوہ متوفی رکن اسمبلی کو مسٹر جی جگدیش ریڈی ‘ مسٹر وی پرشانت ریڈی ‘ مسٹر ٹی سرینواس یادو‘ مسٹر ای دیاکر راؤ ریاستی وزراء اور مسٹر سی ایچ لنگیا ‘ مسٹر بی ملیا یادو‘ مسٹر راماوت رویندر کمار‘ مسٹر جئے پال یادو‘ مسٹر جعفر حسین معراج ‘ مسٹر پی ویریا‘ مسٹر ایس وینکٹ ویریا‘ مسٹر ٹی راجہ سنگھ نے بھی متوفی رکن اسمبلی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔