ڈاکٹر شیخ محمد نعمان چیرمین نے پرچم کشائی انجام دی
وجئے واڑہ 15 اگسٹ (پریس نوٹ) صدر دفتر آندھراپردیش اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی وجئے واڑہ پر 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر جناب ڈاکٹر شیخ محمد نعمان چیرمین آندھراپردیش اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی نے پرچم کشائی انجام دی۔ اس موقع پر شریمتی اوشا کماری پرنسپال سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود آندھراپردیش، جناب ایس ایم ڈی تاج الدین عارف ڈائرکٹر ؍ سکریٹری آندھراپردیش اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی، جناب شیخ جعفر سپرنٹنڈنٹ، ارکان عملہ اُردو اکیڈیمی و دیگر اصحاب موجود تھے۔ اس موقع پر جناب ڈاکٹر شیخ محمد نعمان چیرمین آندھراپردیش اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی نے اپنی تقریر میں کہاکہ آج ہم ہندوستان کا 73 واں جشن آزادی منارہے ہیں۔ ہمارے اسلاف نے اس ملک کی آزادی کے لئے اپنا تن من دھن سب قربان کردیا، ہزاروں علمائے کرام نے اپنی جانیں دیں، ہندو، مسلم، سکھ اور دیگر طبقات سب نے ایک ہوکر اس ملک کو انگریزوں کے قبضہ سے آزاد کروایا اور ہمارا ملک پھر سے ایک آزاد مملکت بنا اور اس میں ہر طبقے کو ہر مذہب کو اپنے اپنے طور طریقوں، رسموں، زبانوں اور روایتوں کو اپنانے اور منانے کی آزادی دی گئی۔ انھوں نے کہاکہ آج ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کی بدولت ایک آزاد ملک میں ہیں اور ہمیں مذہبی رسوم کے ساتھ ساتھ تعلیم اور ملازمتوں میں بھی برابر کا حصہ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم دستور میں دی گئی مراعات کا صحیح استعمال کریں اور تعلیم کو عام کریں۔ ڈاکٹر شیخ محمد نعمان نے کہاکہ ہمیں چاہئے کہ ریاست میں اُردو زبان کی ترقی کے لئے کوشش کریں، اپنی نئی نسلوں کو اُردو پڑھائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں اُردو زبان کے فروغ کی کوشش کے تحت یہاں اُردو زبان دانی، اُردو انشاء کی کلاسیس کا اہتمام کیا گیا۔ محترمہ اوشا کماری پرنسپال سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود نے اپنی تقریر میں کہاکہ آج ہندوستان کے 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر مجھے آپ سب کے درمیان آکر بڑی مسرت ہورہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ آندھراپردیش اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی ریاست میں اُردو کے فروغ و ترقی کا بہترین کام کررہی ہے۔ جناب ایس ایم ڈی تاج الدین عارف نے عوام الناس کو 73 ویں جشن آزادی ہند کی مبارکباد دی۔ انھوں نے آندھراپردیش اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی کی اسکیمات اور پروگرامس کے بارے میں بتایا۔
