آندھراپردیش اور تلنگانہ کے چیف منسٹرس کا 28 جون کو اجلاس

   

حیدرآباد 25 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھراپردیش کے چیف منسٹرس تقریباً 3 سال کے بعد سرکاری طور پر 28 جون کو ملاقات کریں گے۔ اِس ملاقات کے دوران دونوں ریاستوں کے درمیان پائے جانے والے آبی مسائل کی یکسوئی پر توجہ دیں گے۔ ستمبر 2016 ء میں چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ نے اُس وقت کے چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو سے دارالحکومت دہلی میں مرکزی وزیر آبی وسائل اوما بھارتی کے طلب کردہ اجلاس میں ملاقات کی تھی۔ دریائے کرشنا اور گوداوری کے پانی سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ اب 28 جون کو منعقدہ اجلاس میں اِن مسائل پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔ جگن موہن ریڈی کی زیرقیادت وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے اجلاس میں شرکت کی توثیق کی ہے۔ جگن اور کے سی آر توقع ہے کہ دوبدو ملاقات کریں گے۔ آندھراپردیش کے چیف سکریٹری ایل وی سبرامنیم نے کہاکہ دونوں ریاستوں کے محکمہ جات آبپاشی کے سینئر عہدیداروں کے درمیان 24 جون کو اجلاس منعقد ہوا لیکن وہ اِس میں شرکت نہیں کرسکے کیوں کہ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی ضلع کلکٹرس کی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔