وائی ایس آر کانگریس کے اقتدار میں عوام کی بھلائی ممکن، چندرا بابو نائیڈو نے عوام کو دھوکہ دیا
حیدرآباد۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی قائد وائی ایس شرمیلا نے الزام عائد کیا کہ چندرا بابو نائیڈو کے دور میں آندھراپردیش ترقی کے معاملہ میں 25 سال پیچھے ہوچکا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شرمیلا نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو ترقی کے بارے میں بلند بانگ دعوے کررہے ہیں لیکن زمینی حقیقت محتلف ہے۔ برخلاف اس کے آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور میں تمام طبقات کو ترقی اور فلاح و بہبود کے بارے میں ایک بھروسہ تھا۔ وائی ایس آر دور حکومت میں کسانوں کو پیداوار کی امدادی قیمت فراہم کی گئی اور غریب طلبہ کو اعلی تعلیم کے لیے اسکالرشپ کا انتظام کیا گیا۔ عوام سے مختلف وعدوں کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنے والے چندرا بابو نائیڈو تمام وعدوں کو فراموش کرچکے ہیں۔ کسانوں کے قرض معافی کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے گزشتہ پانچ برسوں میں کسانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائیڈو نے کسانوں کے قرض کی معافی کے لیے پہلی دستخط کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک وہ دن نہیں آیا جب انہوں نے وعدے کی تکمیل کی ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ وائی ایس آر کی دختر کے ساتھ ایک عام کارکن کی حیثیت سے بات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کے دور میں غریب خاندان خوش تھے اور کسانوں کے خاندانوں میں اعتماد بحال کیا گیا تھا۔ ہر بے روزگار کو روزگار فراہم کرنے کی کوشش کی گئی۔ مکمل فیس ری ایمبرسمنٹ کے ذریعہ طلبہ کو اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے برسر اقتدار آنے سے عوام کی بھلائی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار آنے پر کسانوں کے قرض کی معافی کے لیے پہلی دستخط کا اعلان کرنے والے چندرا بابو نائیڈو نے اس سلسلہ میں کمیٹی قائم کرنے کی فائیل پر دستخط کرتے ہوئے کسانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ ڈواکرا خواتین کو قرض کی معافی کا وعدہ کیا گیا تھا۔ پولاورم پراجیکٹ کی لاگت کو 14 ہزار کروڑ سے بڑھاکر 60 ہزار کروڑ کردیا گیا۔ چندرا بابو نائیڈو کے قریبی کنٹراکٹرس کو نامزدگی کی بنیاد پر کنٹراکٹ کے کام حوالے کیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں چندرا بابو نائیڈو مرکز سے ایک مطالبہ کی تکمیل میں ناکام ثابت ہوئے۔ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کو برقرار رکھا اور انتخابات سے قبل دوری اختیار کرتے ہوئے خود کو سکیولر ظاہر کررہے ہیں۔