5ڈسمبر آن لائین درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ
حیدرآباد۔ 27 نومبر (سیاست نیوز) حج 2020ء میں آندھراپردیش سے تقریباً 3 ہزار عازمین حج کی روانگی کا امکان ہے۔ درخواستوں کے ادخال کا سلسلہ جاری ہے اور 26 نومبر تک آندھراپردیش کے 2217 خواہشمندوں کی جانب سے درخواستیں داخل کی گئیں۔ درخواستوں کے آن لائین ادخال کی آخری تاریخ 5 ڈسمبر ہے۔ ایگزیکٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی ایل عبدالقادر نے بتایا کہ حج 2020ء کی ادائیگی کے خواہشمند حج کمیٹی کے ویب سائٹ پر آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ درخواستوں کیلئے 300 روپئے فیس مقرر کی گئی ہے۔ 26 نومبر تک داخل کی گئی درخواستوں میں 1849 درخواستیں حج کمیٹی کو موصول ہوچکی ہیں۔ جبکہ 368 درخواستوں کی ہارڈ کاپی ابھی وصول نہیں ہوئی۔ آندھراپردیش کے ضلع واری سطح پر درخواستوں کی تعداد حسب ذیل ہے۔ اننت پور 235، چتور 302، مشرقی گوداوری 47، گنٹور 297، کڑپہ 314، کرشنا 162، کرنول 479، نیلور 155، پرکاشم 96، سریکاکلم 5، وشاکھا پٹنم 73، وجئے نگرم 18 اور مغربی گوداوری 36 ۔ حج کمیٹی کے مطابق حرم سے 1500 میٹر کے حدود میں قیام کے سلسلہ میں جملہ اخراجات تقریباً 3 ہلاکھ 10 ہزار روپئے ہوسکتے ہیں۔ جبکہ عزیزیہ زمرے کے عازمین کے سفری اخراجات 2لاکھ 70 روپئے ہوں گے۔ ان کا قیام حرم سے 7 تا 8 کیلومیٹر کے فاصلے پر رہے گا۔ آندھراپردیش سے بڑی تعداد میں حجاج کرام کی روانگی اور غریب و متوسط طبقات کی سہولت کیلئے وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت نے مالی امداد فراہم کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔ سالانہ ایک لاکھ روپئے سے کم آمدنی والوں کو 60 ہزار روپئے جبکہ ایک لاکھ سے زائد آمدنی رکھنے والوں کو 30 ہزار روپئے مالی امداد حکومت فراہم کرے گی۔