آندھراپردیش میں ایمسیٹ 2019 کا اعلان

   

26 فروری سے آن لائن ادخال درخواست کا آغاز

حیدرآباد /10 فروری ( سیاست نیوز ) ریاست آندھراپردیش میں مختلف پروفیشنل کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقد کئے جانے والے ’’ ایمسیٹ 2019‘‘ کے شیڈول کو قطعیت دے دی گئی ۔ اس طرح جاریہ ماہ 20 فروری کو اعلامیہ کی اجرائی کے ذریعہ ایمسیٹ 2019 کیلئے عملی اقدامات کا آغاز ہوگا۔ ایمسیٹ 2019 کیلئے درخواستوں کی آن لائین کے ذریعہ وصولی کا آغاز 26 فروری سے ہوگا ۔ کسی جرمانہ فیس کے بغیر ایمسیٹ کے درخواستیں 27 مارچ تک قبول کی جائیں گی اور 500 روپئے جرمانے کے ساتھ درخواستیں 4 اپریل تک قبول کی جائیں گی ۔ اس کے علاوہ 1000 روپئے جرمانے کے ساتھ 9 اپریل تک درخواستیں قبول کی جائیں گی ۔ باوثوق سرکار ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ 5000 روپئے جرمانہ فیس کے ساتھ 14 اپریل تک اور دس ہزار روپئے جرمانہ فیس کے ساتھ ایمسیٹ درخواست فارمس 19 اپریل تک داخل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے اور امیدوار ( درخواستگذار) 16 اپریل سے ہی ویب سائیٹ کے ذریعہ اپنے ہال ٹکٹس ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایمسیٹ انجینئیرنگ کا امتحان 20 تا 23 اپریل منعقد ہوگا ۔ علاوہ ازیں ایمسیٹ اگریکلچرل کا امتحان 23 اور 24 اپریل کو منعقد ہوگا اور ایمسیٹ انیجنئیرنگ اگریکلچر دونوں کیلئے درخواستیں داخل کرنے والے امیدواروں کیلئے 22 اور 23 اپریل کو امتحان رہے گا ۔ اس طرح مذکورہ تاریخوں میں ایمسیٹ امتحان روزآنہ دو نشستوں میں منعقد ہوں گے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ایمسیٹ 2019 کے نتائج کا 5 مئی کو اعلان کردیا جائے گا۔ امیدواروں کو چاہئے کہ ایمسیٹ صرف انجینیئرنگ کیلئے 500 روپئے فیس ادا کریں ۔انجینئرنگ اور اگریکلچر دونوں امتحانات کیلئے 1000 روپئے فیس ادا کرنا ہوگا ۔