جگن موہن ریڈی نے سنگ بنیاد رکھا، غریبوں کو مفت طبی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات
حیدرآباد : آندھراپردیش میں 14 نئے میڈیکل کالجس سرکاری سطح پر قائم کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے 14 میڈیکل کالجس کے لئے آج سنگ بنیاد رکھا۔ تاڑے پلی کے کیمپ آفس سے ورچول پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے چیف منسٹر نے کالجس کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ حکومت نے مچھلی پٹنم، وجئے نگرم، انکا پلی، راجمندری، املاپورم، پالاکول، ایلور، باپٹلہ، مارکاپورم، مدن پلی، پینو کونڈہ، نندیال، ادونی اور پڈگو رالا میں میڈیکل کالجس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے کہاکہ ریاست میں عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے حکومت نے میڈیکل کالجس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ غریبوں کو حکومت مفت طبی سہولتوں کی فراہمی کے عہد کی پابند ہے۔ جگن موہن ریڈی نے کہاکہ ہر پارلیمانی حلقہ میں ایک ٹیچنگ میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا۔ میڈیکل کالجس کے ساتھ نرسنگ کالج قائم کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست بھر میں 16 نئے میڈیکل کالجس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولی ویندولہ اور پاڈیرو میں میڈیکل کالجس کے قیام کا کام شروع ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آئندہ 3 ماہ میں کالجس کے تعمیری کام مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ کالجس کی تعمیر پر 8 ہزار کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر میڈیکل کالج کے ساتھ 500 بستروں کا دواخانہ تعمیر کیا جائے گا۔ میڈیکل کالجس میں انتہائی عصری آلات و سہولتوں فراہم کی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ دیہی علاقوں میں ہاسپٹلس قائم کرنے کے لئے کارپوریٹ اداروں کو حکومت اراضی فراہم کرے گی۔ ہر گاؤں میں وائی ایس آر ولیج کلینک قائم کیا جارہا ہے۔ جگن موہن ریڈی نے کہاکہ حکومت نے آروگیہ شری کے تحت کورونا کے مفت علاج کی سہولت فراہم کی ہے۔