آٹھ اہم موضوعات پر فیصلے متوقع، چیف منسٹر جگن صدارت کریں گے
حیدرآباد 9 جون (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش میں چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی زیرقیادت 8 جون کو تشکیل پائی ریاستی کابینہ کا پہلا و اہم اجلاس چیف منسٹر کی صدارت میں 10 جون کو منعقد ہوگا جس میں توقع ہے کہ کئی ایک اہم فیصلوں پر تفصیلی غور و خوض ہوگا۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ 8 اہم موضوعات پر ریاستی کابینہ میں تفصیلی مباحث کے بعد فیصلے کئے جانے کا قوی امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو حکومت میں ضم کرنے کے مسئلہ پر بھی غور و خوض متوقع ہے۔ علاوہ ازیں پنشن رقومات میں اضافہ، آشا ورکرس کی تنخواہوں میں اضافہ کے دیگر چند موضوعات پر اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ اس طرح 10 جون کو منعقد ہونے والا آندھراپردیش کابینہ کا پہلا اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل تصور کیا جارہا ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں سابق حکومت کی جانب سے سی بی آئی عہدیداروں کے ریاست میں داخلہ پر عائد تحدیدات کو برخاست کرتے ہوئے گزشتہ دنوں چیف منسٹر کی جانب سے کئے ہوئے فیصلہ کی توثیق کی جائے گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 25 رکنی آندھراپردیش ریاستی کابینہ کے وزراء کو 8 جون کو گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے عہدے و رازداری کا حلف دلایا تھا۔
