آندھراپردیش کے عازمین حج کے دو قافلوں کی سعودی عرب روانگی

   

ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش امجد باشاہ نے وداع کیا، حیدرآباد سے پانچ ریاستوں کے عازمین کا انتظام

حیدرآباد۔2 اگست (سیاست نیوز) آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کے دو قافلوں کی روانگی آج عمل میں آئی۔ ایرانڈیا کے خصوصی پروازوں سے دو قافلوں میں جملہ 680 عازمین حج شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے جدہ کے لیے روانہ ہوئے۔ عازمین حج کو دو مختلف اوقات میں حج ہائوز نامپلی سے وداع کیا گیا۔ صبح کے قافلے کو ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش ایس ڈی امجد باشاہ نے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ عازمین کو حج ہائوز سے روانہ کیا گیا۔ تلبیہ کی گونج میں عازمین ایرپورٹ کے لیے روانہ ہوئے اور انہیں وداع کرنے کے لیے رشتہ داروں اور دوست احباب کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اپنی تقریر میں عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ ملک کے موجودہ حالات میں بہتری کے لیے دعا کریں۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایام حج کے دوران عازمین کو غیر معمولی صبر کا مظاہرہ کرنا چاہئے کیوں کہ شیطان کے وسوسے کے نتیجہ میں عازمین کو معمولی بات پر غصہ آجاتا ہے۔ غصے کے نتیجہ میں حج کا تقدس متاثر ہوگا۔ انہوں نے تلنگانہ اور آندھراپردیش کی ترقی کے لیے دعائوں کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ہند میں حیدرآباد واحد امبارگیشن پوائنٹ ہے جہاں سے پانچ ریاستوں سے عازمین روانہ ہورہے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خان نے عازمین حج کو مبارکباد دی اور کہا کہ انتظامات میں حج کمیٹی اور والنٹرس کی جانب سے کوتاہیوں اور خامیوں کے لیے وہ معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے سفر حج سے متعلق عازمین کو مشورے دیئے۔ اس موقع پر کرنول کے رکن اسمبلی محمد عبدالحفیظ خان ایگزیکٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی محمد تاج الدین عارف، ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ، سکریٹری وائی ایس آر کانگریس غلام رسول اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ آندھراپردیش کے عازمین کا چوتھا قافلہ آج رات آٹھ بجے حج کمیٹی سے روانہ ہوا۔ حیدرآباد سے تاحال عازمین حج کے 21 قافلے روانہ ہوچکے ہیں جن کے ذریعہ 7644 عازمین سعودی عرب پہنچ گئے۔ بارش کے نتیجہ میں دونوں قافلوں کی روانگی کے وقت رشتہ داروں اور دوست احباب کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ عازمین حج میں تاملناڈو کے 70 افراد بھی شامل ہیں جنہیں لمحہ آخر میں حیدرآباد سے روانہ کیا جارہا ہے۔
تلنگانہ پنشنرس سنٹرل اسوسی ایشن کا ماہانہ اجلاس
حیدرآباد 2 اگسٹ (راست) سلطان علی بن عمر (انجم شافعی) نائب صدر اسوسی ایشن ہذا کے بموجب تلنگانہ پنشنرس سنٹرل اسوسی ایشن حیدرآباد کا ماہانہ اجلاس بروز دوشنبہ (پیر) 5 اگسٹ کو 11 بجے دن اُردو گھر مغلپورہ زیرصدارت سید جمال الدین منعقد ہوگا۔ پنشنرس کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوں گے۔