منیلا: فلپائن میں رات دیر گئے ایک خاندان کی کھانے کی خواہش اس وقت افسوسناک واقعے میں تبدیل ہوگئی جب انہیں جوسی فرائیڈ چکن آرڈر کرنے پر ایک تلا ہوا تولیہ موصول ہوا۔فرائیڈ چکن کی جگہ آرڈر میں ایک تلا ہوا تولیہ موصول ہونا یوں تو ناقابلِ یقین ہے لیکن یہ واقعہ حقیقت میں پیش آیا ہے۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ایلیک پیریز نامی خاتون نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کیلئے مقبول فاسٹ فوڈ چین جولی بی سے چکن آرڈر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک نظر میں وہ ٹکڑے، فرائیڈ چکن سے مختلف نظر نہیں آرہے تھے اور ان کا رنگ بھی فرائیڈ چکن جیسا تھا۔خاتون نے بتایا کہ جب ان کا بیٹا اس چکن کی بائٹ نہیں لے سکا تو انہوں نے اسے کاٹنے کی کوشش کی جو کامیاب نہیں ہوسکی تو پھر انہوں نے وہ کرسپی چکن ہاتھوں سے توڑنے کی کوشش کی اور وہ حیران رہ گئیں کہ انہیں چکن نہیں بلکہ ڈیپ فرائیڈ تولیا بھیجا گیا تھا۔ انہوں نے فیس بک پر لکھا کہ یہ انتہائی پریشان کن ہے، آپ نے آمیزے میں تولیہ ڈال کر اسے فرائی کیسے کرلیا؟اس ویڈیو کو فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 25 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
