ممبئی میں دو ارکان گرفتار، موبائیل، لیاب ٹاپ، سم کارڈس ضبط، سائبر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد : آن لائن گولڈ ٹریڈنگ کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے والی ایک ٹولی کو رچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کردیا اور اس ٹولی کے دو ارکان کو ممبئی سے گرفتار کرلیا جبکہ اصل سرغنہ سنگاپوری باشندہ اور اس کا ساتھی ہندوستانی شہری مفرور ہیں۔ رچہ کنڈہ سائبر کرائم پولیس نے ایک شکایت کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ممبئی پولیس کی خصوصی ٹیم روانہ کی اور دو افراد 35 سالہ جی ونود شرما ساکن ایسٹ اور 38 سالہ ایم شرد ہلداکر ساکن اندھیری ویسٹ ممبئی کو گرفتار کرلیا جبکہ اصل سرغنہ فلپ جان سنگاپور اور وجے چوٹلانی ممبئی مفرور بتائے گئے ہیں۔ آن لائن گولڈ اور سلور ٹریڈنگ کے نام پر یہ لوگ شہریوں کو زائد منافع کا لالچ دے کر ان سے بھاری رقومات کی سرمایہ کاری کروارہے تھے۔ سنگاپور کے ساکن فلیپ جان نے وجے چوٹلانی کے ہمراہ راج کوٹ گجرات اور ممبئی میں تین مختلف کمپنیوں کوقائم کیا۔ ویب سائٹ میں تمام سہولیات کو فراہم کرنے کے بعد گولڈ ٹریڈنگ میں سرمایہ کرنے والوں کو یوزر آئی ڈی فراہم کیا جاتا۔ جس کے بعد جیسے ہی سرمایہ کاری کی جاتی اس ویب سائٹ کے ذریعہ پہلے مزید گاہکوں کو راغب کرنے کے لئے منافع فراہم کیا جاتا اور پھر بعد میں سرمایہ کی رقم اور مزید گاہک ان سے رجوع ہوتے ویب سائٹ سے رقم نکالنے کے آپشن کو ختم کردیا جاتا۔ اس طرح یہ ٹولی دھوکہ دے رہی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ فلیپ جان اور چوٹلانی نے گرفتار شخص شرد ہلداکر کو ڈائرکٹر اور ونود شرما کو ملازم کی حیثیت سے اس دھوکہ دہی کے ریاکٹ میں شناخت دی تھی اور ساری منصوبہ سازی یہ دونوں کرتے تھے۔ پولیس مفرور ملزمین کو تلاش کررہی ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 3 موبائیل فون، 2 لیاب ٹاپ، 4 چیک بکس اور 13 سم کارڈس کو ضبط کرلیا۔
