آؤٹر رنگ روڈ کو لنکس روڈ سے ترقی کی راہیں کھلیں گی

   

حیدرآباد 2 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ (ایچ آر ڈی سی ایل)کے دائرہ اختیار کو آؤٹر رنگ روڈ (او آر آر)تک وسعت دینے کے احکام کی اجرائی کے ساتھ آؤٹر رنگ روڈ تک پہنچنے والی لنک روڈس کو فروغ دینے کے منصوبوں میں تیزی پیدا ہورہی ہے تاکہ آسان اور بہتر رابطہ کو یقینی بنایا جائے۔ اس منصوبے کے تحت ایچ آر ڈی سی ایل نے مختلف علاقوں میں 160 اسٹریچس کی نشاندہی کی ہے جس سے مختلف علاقوں میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ہوگی اور اس سے ترقی کی نئی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔ ابتدائی تخمینہ کے مطابق آؤٹر رنگ روڈ تک ان 160 مسنگ لنکس کو فروغ دینے کے لئے تقریباً 2,600 کروڑ روپئے درکار ہوں گے۔ یہ تمام اسٹریچس جی ایچ ایم سی کے حدود کے باہر ہیں اور مختلف بلدیات اور میونسپل کارپوریشنس کے حدود میں آتے ہیں۔ چونکہ ان شہری مجالس مقامی میں بہتر سڑک نیٹ ورک کی ضرورت ہے اور آؤٹر رنگ روڈ تک سڑک سہولت کو یقینی بنانے کے لئے عہدیداروں نے مختلف زونس میں ان سڑکوں کی نشاندہی کی ہے۔ یہ کام مختلف بینکس سے قرض حاصل کرتے ہوئے انجام دیئے جائیں گے۔