آوٹر رنگ روڈ پر المناک سڑک حادثہ، دو افراد ہلاک

   

حیدرآباد۔/21 نومبر، ( سیاست نیوز) آدی بٹلہ آوٹر رنگ روڈ پر ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں لاری ڈرائیور اور کلینر دونوں برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق 34 سالہ انیل یادو متوطن بہار اپنے ساتھی 32 سالہ وشال متوطن اتر پردیش جو سلطان پور ضلع میدک کے ساکن بتائے گئے ہیں آدی بٹلہ آؤٹر رنگ روڈ راوی لالہ ضلع رنگاریڈی سے اپنی لاری میں جارہے تھے پیدا عنبر پیٹ علاقہ کے پاس کھڑی ہوئی ٹرک کو ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں مذکورہ افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ حادثہ اتنا شدت کا تھا کہ ایک متاثرہ شخص لاری کے انجن میں پھنس گیا۔ نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کردیا گیا اور حیات نگر پولیس نے ٹرک ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے کیونکہ اس نے لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک پر ٹرک پارک کیا تھا۔ب