آٹو مزدوروں اور غریبوں میں اناج اور ضروری اشیاء کی تقسیم

   

لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی، وزیر فینانس ہریش رائو کا انتباہ
حیدرآباد۔ 13 اپریل (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش رائو نے دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی 129 ویں جینتی کے موقع پر سنگاریڈی شہر میں آٹو مزدوروں اور غریبوں میں اناج اور ضروری اشیاء کی تقسیم عمل میں لائی۔ بی آر امبیڈکر اسٹیڈی سرکل کے زیر اہتمام تقریب میں ہریش رائو نے غریبوں میں اناج کی تقسیم عمل میں لائی اور کہا کہ حکومت وائٹ راشن کارڈ ہولڈرس کو چاول اور امداد فراہم کررہی ہے جبکہ دیگر غریبوں کے لیے بھی امداد کی تقسیم کا کام جاری ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے غیر مقامی مزدوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ تلنگانہ میں بلا جھجک قیام کریں اور حکومت انہیں تمام ضروری سہولتیں پہنچائے گی۔ ہریش رائو نے کہا کہ لاک ڈائون ہر کسی کے لیے ایک آزمائش ہے۔ ان حالات میں ہر شخص پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انسانی جذبے کے تحت غریبوں کا خیال رکھیں۔ حکومت 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے فراہم کررہی ہے جبکہ غیر ریاستی مزدوروں کے لیے 500 روپئے اور 12 کیلو چاول تقسیم کیا جارہا ہے۔ ہریش رائو نے بتایا کہ سنگاریڈی میں میڈیکل سٹیلائٹ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس سے عوام ربط قائم کرسکتے ہیں جہاں ڈاکٹرس کی ٹیم دستیاب رہے گا۔ میڈیکل آفیسر اور معاون افسران ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ ڈاکٹرس سے عوامی شکایات کی یکسوئی کریں گے۔ کنٹرول روم میں 50 ڈاکٹرس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں انسانی تحفظ کے لیے جدوجہد جاری ہے۔ ہر شخص کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔ ڈاکٹرس کی ہدایات پر سختی سے اپیل کریں اور غیر ضروری مکانات سے باہر نہ نکلیں۔ جب کبھی گھر سے نکلیں تو ماسک کا استعمال کریں ورنہ 500 روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی، زیڈ پی چیرمین جئے پال ریڈی اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ ضلع کلکٹر عہدیداروں کو چوکسی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ 30 اپریل تک لاک ڈائون کے سلسلہ میں عوام کو تعاون کرنا چاہئے۔ لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی۔ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ غیر ضروری سڑکوں پر گشت کرنے والے نوجوانوں پر نظر رکھیں اور مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں کورنٹائن سنٹر منتقل کردیا جائے۔ مقدمات اور گاڑیوں کی ضبطی عمل میں آئے گی۔ ہریش رائو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آشا ورکرس اے ایم ایم ورکرس کو تغذیہ بخش غذا فراہم کی جائے ۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کے سلسلہ میں ہریش رائو نے 800 حاملہ خواتین میں کٹس تقسیم کئے۔