آٹو کیاب بکنگ پر 5 فیصد جی ایس ٹی یکم جنوری سے عمل آوری ، عوام پر زائد بوجھ

   

حیدرآباد۔27۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے آٹو کیاب کی بکنگ پر 5 فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ کے نتیجہ میں عوام پر بوجھ میں اضافہ ہوگا ۔ کیاب کی طرح آٹو کو آن لائین بک کروانے پر مسافرین سے 5 فیصد جی ایس ٹی کے احکامات پر یکم جنوری سے عمل آوری ہوگی۔ متوسط طبقات کار کے بجائے آٹو بکنگ کو ترجیح دیتے ہیں، تاکہ کم خرچ میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں لیکن 5 فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ سے کار اور آٹو کے درمیان چارجس میں کوئی زیادہ فرق باقی نہیں رہے گا۔ تلنگانہ آٹو ڈرائیورس ویلفیر اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری اے ایس ریڈی نے بتایا کہ یکم جنوری سے 5 فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ کے فیصلہ سے آٹو بکنگ میں بڑی حد تک کمی واقع ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے نتیجہ میں پہلے ہی آٹو رکشا کے لئے مسافرین کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔ حکومت نے کورونا قواعد نافذ کئے جس کے نتیجہ میں آٹو رکشا میں مسافرین کی تعداد محدود ہوچکی ہے۔ 5 فیصد جی ایس ٹی سے آٹو ڈرائیورس کے نقصان کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے 5 فیصد جی ایس ٹی سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ اضافی بوجھ سے بچنے کیلئے عوام ایپ کے ذریعہ آٹو بکنگ کے بجائے سڑک پر چلنے والے آٹوز کو ترجیح دیںگے ۔ اوبیر انتظامیہ نے بھی مرکزی حکومت سے اضافی ٹیکس کے مسئلہ پر از سر نو جائزہ لینے کی اپیل کی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ حمل و نقل کے لئے کم شرح پر ٹرانسپورٹ کو یقینی بنانے کی بجائے حکومت اضافی بوجھ کے ذریعہ مزید دشواریاں پیدا کررہی ہے۔ آٹو ڈرائیورس نے جی ایس ٹی میں اضافہ کے ساتھ آٹو میٹر کی شرحوں میں اضافہ کا مطالبہ کیا ہے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد سے آٹو رکشا کی شرحوں پر نظرثانی نہیں کی گئی ۔ ر